کوئٹہ سے عالمی رنگ تک: عابدہ بتول کی جدوجہد

قبائلی معاشرتی روایات، مالی مشکلات اور تربیتی سہولیات کی کمی بھی کوئٹہ کی عابدہ بتول کا راستہ نہیں روک سکیں۔ پاکستان کی نمبر ون پروفیشنل خاتون باکسر اب عالمی چیمپئن بننے کا خواب دیکھ رہی ہیں۔

فیچرز

11/21/20261 min read

باکسنگ رنگ میں اترنے سے پہلے عابدہ بتول کے دل میں بھی گھبراہٹ ہوتی ہے۔ مقابلے کا دباؤ، جیت کی امید اور اپنے ملک کی نمائندگی کا احساس انہیں ایک مشکل امتحان سے گزارتا ہے۔ لیکن جیسے ہی وہ رنگ میں قدم رکھتی ہیں، ان کے بقول خوف کی جگہ ایک نئی توانائی لے لیتی ہے۔

’’میدان میں جانے سے پہلے سب کو گھبراہٹ ہوتی ہے، لیکن ایک بار جب رنگ میں آجاتی ہوں تو ایک ایکسٹرا انرجی مل جاتی ہے۔ اس کے بعد پھر سارا ڈر ختم ہوجاتا ہے۔ ویسے جو ڈر گیا وہ ہار گیا،‘‘ عابدہ بتاتی ہیں۔

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی عابدہ بتول پاکستان کی نمبر ون پروفیشنل خاتون باکسر ہیں۔ ایشیائی درجہ بندی میں ان کا 28واں جبکہ عالمی درجہ بندی میں 42واں نمبر ہے۔ وہ ورلڈ باکسنگ کونسل (WBC) کے لیے کوالیفائی کرنے والی پاکستان کی واحد خاتون باکسر ہیں۔

ان کی کامیابی محض کھیل کے میدان میں حاصل ہونے والی پوزیشنوں تک محدود نہیں۔ یہ اس لڑکی کی کہانی بھی ہے جسے اپنے شوق کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پہلے گھر اور معاشرے کی روایات کے سامنے اپنی جگہ بنانا پڑی۔

گھر کی مخالفت سے باکسنگ رنگ تک

ایک قبائلی معاشرے میں لڑکیوں کے لیے کھیل کے میدان میں آگے بڑھنا آسان نہیں۔ عابدہ کو بھی ابتدا میں گھر والوں کی طرف سے کھیلوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں تھی۔

انہوں نے کالج کے زمانے میں کھیلنا شروع کیا، یہاں تک کہ ابتدا میں ان کی والدہ کو بھی اس بات کا علم نہیں تھا کہ وہ کھیلوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

عابدہ کہتی ہیں، ’’گھر کی طرف سے پہلے ہمیں اجازت نہیں تھی کہ میں آگے جا کر کھیلوں۔ حتیٰ کہ ہمیں اسپورٹس میں آنے کی اجازت نہیں مل رہی تھی۔ میں نے کھیلنا کالج سے شروع کیا۔ پہلے تو امی کو پتا نہیں تھا کہ میں نے کھیل میں حصہ لینا شروع کیا ہے۔‘‘

بعد میں جب ان کی والدہ کو اس بارے میں معلوم ہوا تو والد نے ان کا ساتھ دیا۔

’’ابو نے اسٹینڈ لیا کہ مجھے یقین ہے اپنی بیٹی پہ، اگر اسے شوق ہے تو اسے آگے جانے دو۔‘‘

والد کی اس حمایت نے عابدہ کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ آسان کیا۔ تاہم کھیل کے میدان میں اپنی شناخت بنانے کے لیے انہیں اب بھی کئی مشکلات کا سامنا تھا۔

صلاحیت موجود، سہولیات اور سرپرستی کی کمی

پاکستان میں خواتین کی باکسنگ کو فروغ دینے کے لیے صرف ہمت اور محنت کافی نہیں۔ کھلاڑیوں کو مناسب تربیت، کوچنگ اور مالی سرپرستی بھی درکار ہوتی ہے۔ عابدہ کے مطابق ان شعبوں میں موجود کمی ان کے لیے بھی ایک بڑی رکاوٹ ہے۔

وہ سمجھتی ہیں کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے لیے اسپانسرشپ کی ضرورت ہے، لیکن خواتین باکسرز کو وہ مواقع نہیں مل پاتے جن کی انہیں ضرورت ہے۔

’’ہم باکسنگ میں اس لیے بھی آگے نہیں جاسکتے کہ ہمیں اسپانسرشپ نہیں ملتی۔ حالانکہ ہم ایک قبائلی معاشرے سے تعلق رکھتے ہیں، ہم اتنی محنت کرتے ہیں، لیکن پھر بھی ہمیں اسپانسرشپ زیادہ نہیں ملتی،‘‘ وہ کہتی ہیں۔

مالی وسائل کی کمی کے ساتھ تربیتی سہولیات بھی ان کے لیے ایک مستقل مسئلہ ہیں۔ عابدہ کے مطابق انہیں نہ مناسب کوچنگ میسر ہے اور نہ ہی ایسی جگہ جہاں وہ اپنی ضرورت کے مطابق تربیت حاصل کرسکیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک باکسر کو روزانہ کم از کم چار گھنٹے کی تربیت درکار ہوتی ہے، جس میں دو گھنٹے صبح اور دو گھنٹے شام کے وقت شامل ہیں۔ لیکن دستیاب تربیتی جگہوں پر اوقات کی پابندی کے باعث مطلوبہ وقت حاصل کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

یہ مسائل اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے کھلاڑیوں کو صرف ذاتی محنت پر انحصار نہیں کرنا چاہیے، بلکہ انہیں مناسب ادارہ جاتی سرپرستی اور سہولیات بھی فراہم کرنا ضروری ہیں۔

پاکستان کے لیے عالمی اعزاز کا خواب

عابدہ کے لیے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک منفرد احساس ہے۔ ان کے بقول جب وہ رنگ میں اترتی ہیں اور پاکستان کا پرچم بلند ہوتا ہے تو اس خوشی کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

’’ایک کھلاڑی صرف اپنے لیے نہیں کھیلتا، وہ اپنے ملک کے لیے کھیلتا ہے۔ جب بھی پاکستان کا جھنڈا اوپر ہوتا ہے تو بیان نہیں کیا جاسکتا کہ آپ کتنی خوشی محسوس کرتے ہو،‘‘ وہ کہتی ہیں۔

اب ان کی نظریں ایک بڑے ہدف پر ہیں: عالمی سطح پر باکسنگ کا ٹائٹل جیت کر پاکستان کا نام روشن کرنا۔

’’ان شاء اللہ میرا اگلا ٹارگٹ یہ ہے کہ میں بین الاقوامی سطح پر کھیل کر ورلڈ ٹائٹل جیت کر اپنے ملک کا نام روشن کروں۔‘‘

دوسری خواتین کے لیے پیغام

اپنی جدوجہد کے دوران جن مشکلات کا سامنا عابدہ نے کیا، وہ نہیں چاہتیں کہ دوسری خواتین بھی انہی رکاوٹوں کی وجہ سے اپنے خوابوں سے دستبردار ہوجائیں۔

ان کا پیغام ہے کہ خواتین کو اپنے لیے فیصلے کرنے، خودمختار بننے اور اپنے مستقبل کی ذمہ داری اٹھانے کے لیے آگے آنا چاہیے۔

’’خواتین کے لیے میرا یہی پیغام ہے کہ اپنے گھر سے نکلیں، اپنے لیے کچھ کریں، اپنے لیے اسٹینڈ لے لیں۔ ایک انڈیپینڈنٹ خاتون بنیں تاکہ آپ کو کسی کی مدد کی ضرورت نہ ہو۔ کوشش کریں کہ دوسری خواتین کا سہارا بنیں، کیونکہ بہترین عورت وہ ہے جو ایک دوسرے کو آگے کرے۔‘‘

عابدہ بتول کا سفر ابھی جاری ہے۔ وسائل کی کمی، تربیتی مشکلات اور سماجی رکاوٹوں کے باوجود وہ عالمی چیمپئن بننے کے خواب سے دستبردار نہیں ہوئیں۔

ان کی کہانی صرف ایک باکسر کی کامیابی کی داستان نہیں بلکہ اس عزم کی مثال بھی ہے کہ جب کسی خاتون کو اپنے خوابوں پر یقین ہو اور اسے آگے بڑھنے کا موقع ملے تو وہ اپنے لیے ہی نہیں، دوسروں کے لیے بھی نئی راہیں کھول سکتی ہے۔